آئی ایم ایف پروگرام پر عملدرآمد بہتر ہوا ‘ فنانسنگ تک رسائی میں بھی آسانی ہوئی‘ جون تک پاکستان کا مجموعی بجٹ خسارہ کم ہوکر 6 فیصد ہوجائے گا:فچ
ریٹنگ میں بہتری معاشی ترقی اور اقوام عالم کے معیشت پر اعتماد کا مظہر ہے:شہبازشریف‘ فچ نے تین سا بعد پاکستان کی ریٹنگ کو اپ گریڈ کیا :محمد اورنگزیب
کراچی‘اسلام آباد(آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک)کریڈٹ ریٹنگ کے عالمی ادارے فچ ریٹنگ نے پاکستان کی ریٹنگ اپ گریڈ کردی۔ عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی فچ پاکستان کی طویل مدتی غیر ملکی قرضہ جاتی ریٹنگ میں بہتری کرتے ہوئے اس کو ٹرپل سی پلس سے بڑھا کر بی مائنس کردیا، پاکستان کی کرنسی کی ریٹنگ بھی بی مائنس کردی گئی۔فچ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر ہوچکی ہے اور ملک کا آئی ایم ایف پروگرام پر عملدرآمد بھی بہتر ہوا جبکہ پاکستان کی فنانسنگ تک رسائی میں بھی آسانی ہوئی۔رپورٹ میں توقع ظاہر کی گئی کہ جون تک پاکستان کا مجموعی بجٹ خسارہ کم ہوکر 6 فیصد ہوجائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی کریڈٹ ریٹنگ کمپنی فچ کی جانب سے پاکستان کی معاشی ریٹنگ میں بہتری کا خیر مقدم کیا ہے۔فچ کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری آنا انتہائی خوش آئند ہے، فچ نے پاکستانی معیشت کو مستحکم قرار دیا ہے، عالمی اداروں کی جانب سے پاکستانی معیشت کی ریٹنگ میں بہتری معاشی ترقی اور اقوام عالم کے پاکستانی معیشت میں اعتماد کا مظہر ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ ملکی معیشت میں مزید بہتری کے لیے حکومت پاکستان انتھک محنت کر رہی ہے۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ فچ ریٹنگز کی جانب سے پاکستان کی ریٹنگ کو ٹرپل سی پلس سے بی مائنس کرنا ہماری معاشی اصلاحات اور پالیسیوں پر اعتماد کا بھرپور اظہار ہے، فچ ریٹنگز نے تین سال کے طویل عرصہ کے بعد پاکستان کی ریٹنگ کو اپ گریڈ کیا ہے اور ہمارے معاشی آؤٹ لک کو مستحکم قرار دیا ہے۔