بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان پہلی مرتبہ کسی فلم میں سپر ہیرو کا کردار ادا کرتے دکھائی دے سکتے ہیں، جس کے لیے ہدایت کار آر بالکی کے ساتھ ابتدائی بات چیت جاری ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آر بالکی ایک نئی سپر ہیرو فلم بنانے کی تیاری کر رہے ہیں، جس میں مرکزی کردار کے لیے عامر خان کے نام پر غور کیا جا رہا ہے۔فلم کی پروڈیوسر کی ذمہ داری معروف فلمساز ساجد ناڈیاڈوالا سنبھالیں گے، تاہم فلم کا اسکرپٹ فی الحال ابتدائی مراحل میں ہے۔ عامر خان اور فلمسازوں کے درمیان بات چیت ابھی حتمی مرحلے میں نہیں پہنچی۔رپورٹس کے مطابق فلم کی کہانی اور مکمل اسکرین پلے تیار ہونے کے بعد ہی عامر خان کی شمولیت کا حتمی فیصلہ متوقع ہے۔ اداکار فلموں کے انتخاب میں خاصے محتاط سمجھے جاتے ہیں اور کسی بھی منصوبے کا حصہ بننے سے قبل مضبوط اسکرپٹ کو ترجیح دیتے ہیں۔فلمساز بھی پہلے کہانی اور اسکرپٹ کو حتمی شکل دینے پر توجہ دے رہے ہیں اور آئندہ چند ماہ میں مکمل اسکرپٹ عامر خان کے سامنے پیش کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔اگر معاملات طے پا گئے تو یہ عامر خان کی ساجد ناڈیاڈوالا اور آر بالکی کے ساتھ پہلی فلم ہوگی۔ عامر خان کے سپر ہیرو کردار میں نظر آنے کی ممکنہ خبر مداحوں کے لیے خاصی دلچسپی کا باعث بن رہی ہے۔