اہان پانڈے کا سیارا سے پہلے کا ’’ٹک ٹاک لفنگا‘‘ روپ، جو فلم میں نظر نہیں آتا

اہان پانڈے کا سیارا سے پہلے کا ’’ٹک ٹاک لفنگا‘‘ روپ، جو فلم میں نظر نہیں آتا

بالی ووڈ کی حالیہ کامیاب فلم ’’سیارا‘‘ کے ہدایت کار موہت سوری نے فلم کے مرکزی اداکار اہان پانڈے کے ماضی سے متعلق دلچسپ انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اہان ایک وقت میں ٹک ٹاک پر ’’گھٹیا اور کراہت آمیز‘‘ ویڈیوز بنایا کرتے تھے، جنہیں بعد میں انہوں نے ڈیلیٹ کر دیا۔

اہان پانڈے کا فلمی سفر اور کامیابی
18 جولائی کو ریلیز ہونے والی فلم ’’سیارا‘‘ نے باکس آفس پر شاندار کامیابی حاصل کر کے نہ صرف ریکارڈ توڑ دیے بلکہ اہان پانڈے کو بھی راتوں رات سپر اسٹار بنا دیا۔ یش راج فلمز کی حکمت عملی کے تحت فلم کی ریلیز سے پہلے اہان کو پروموشنل سرگرمیوں سے دور رکھا گیا تھا، جس نے شائقین میں ان کے بارے میں تجسس مزید بڑھا دیا۔

ہدایت کار کا انٹرویو
موہت سوری نے ایک انٹرویو میں کہا:"اہان کی پرانی ویڈیوز دیکھ کر آپ حیران رہ جائیں گے۔ وہ ایک مکمل ’چپڑی ٹک ٹاکر‘ تھا، بالکل لفنگا ٹائپ کا لڑکا۔ لیکن فلم ’سیارا‘ میں اس کا یہ روپ بالکل نظر نہیں آتا کیونکہ کہانی کو اس کی ضرورت ہی نہیں تھی۔"

انیت پڈا کی مزاحیہ صلاحیت
ہدایت کار نے فلم کی مرکزی اداکارہ انیت پڈا کے بارے میں بھی دلچسپ باتیں بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ انیت میں مزاح کی غیر معمولی صلاحیت موجود ہے۔ ایک واقعہ سناتے ہوئے انہوں نے کہا:"کچھ دن پہلے انیت نے ویڈیو کال پر اپنی ماں کی نقل اتاری جو ماسک نہ پہننے پر اسے ڈانٹ رہی تھیں، میں ہنس ہنس کر لوٹ پوٹ ہو گیا۔"

نئے اداکاروں کی تعریف
موہت سوری نے اہان اور انیت دونوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ نئے فنکار ان تمام اداکاروں سے بہتر ہیں جن کے ساتھ وہ ماضی میں کام کر چکے ہیں۔ یاد رہے کہ موہت سوری نے ماضی میں عمران ہاشمی، آدتیہ رائے کپور اور شردھا کپور جیسے بڑے ناموں کے ساتھ کامیاب فلمیں بنائی ہیں۔فلم ’’سیارا‘‘ کی غیر متوقع کامیابی اور اہان پانڈے کی شہرت نے بالی ووڈ میں نئے ستاروں کے لیے ایک نیا باب کھول دیا ہے۔