ملک کے مختلف علاقوں میں سیلاب کا الرٹ، 17 ستمبر تک شدید بارشوں کا امکان

ملک کے مختلف علاقوں میں سیلاب کا الرٹ، 17 ستمبر تک شدید بارشوں کا امکان

اسلام آباد: ملک میں متوقع بارشوں کے باعث دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی اور سیلاب کے خدشات بڑھ گئے، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 17 ستمبر 2026 تک مختلف علاقوں کے لیے سیلاب کا الرٹ جاری کردیا۔

این ڈی ایم اے کے مطابق بالائی علاقوں میں بارشوں کے نتیجے میں دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوسکتا ہے، جبکہ بعض علاقوں میں اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔گلگت بلتستان کے گلگت، دیامر، غذر، اشکومن، گپس یاسین، نگر، ہنزہ، شمشال، اسکردو اور شگر کے علاقوں میں فلیش فلڈ کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔خیبرپختونخوا میں اپر دیر، سوات، باجوڑ، ملاکنڈ، کرم، کوہستان، مہمند اور اورکزئی، جبکہ بلوچستان کے ژوب، شیرانی اور موسیٰ خیل میں بھی ممکنہ سیلاب سے خبردار کیا گیا ہے۔اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف علاقوں، جن میں راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور شیخوپورہ شامل ہیں، میں بھی شہری سیلاب کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات اور تیاری مکمل رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے ذریعے صورتحال کی مسلسل نگرانی کا عمل جاری رکھنے کا کہا ہے۔اتھارٹی نے شہریوں کو شدید بارش کے دوران برساتی نالوں، زیرِ آب سڑکوں، پلوں اور نشیبی راستوں کو عبور کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ موسم اور ممکنہ خطرات سے متعلق مستند معلومات کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے رہنمائی لینے کا بھی کہا گیا ہے۔کسی بھی ہنگامی سیلابی صورتحال میں شہری 911 ہیلپ لائن سے مدد حاصل کرسکتے ہیں۔