7 سے 10 جولائی: ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیش گوئی، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا

7 سے 10 جولائی: ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیش گوئی، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا

اسلام آباد: این ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کا نیا سلسلہ 7 جولائی سے پاکستان کے شمالی علاقوں میں داخل ہوگا، جس کے باعث 7 سے 10 جولائی تک ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق آزاد کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا، اسلام آباد، پوٹھوہار اور شمال مشرقی پنجاب میں بارش متوقع ہے، جبکہ دریائے سندھ، جہلم، چناب، راوی اور ستلج سے ملحقہ علاقوں میں بھی بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں معمولی اضافہ ہوسکتا ہے، جبکہ تربیلا اور منگلا ڈیم میں بھی پانی کی آمد بڑھنے کی توقع ہے۔ادارے کے مطابق موجودہ صورتحال میں بڑے پیمانے پر دریائی سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں، تاہم پہاڑی ندی نالوں اور چھوٹے برساتی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوسکتا ہے۔این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارش کی صورت میں شہری علاقوں کے نشیبی علاقے زیرِ آب آسکتے ہیں، جبکہ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ موسم کی تازہ صورتحال سے آگاہ رہیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔