اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، گرج چمک اور تیز ہواؤں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کردی ہے۔
مغربی ہواؤں کا سلسلہ ہفتے کے روز ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، جبکہ 14 ستمبر کو موسمی نظام مزید شدت اختیار کرسکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر میں 12 سے 17 ستمبر کے دوران بارش، تیز ہواؤں، گرج چمک اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔ مظفرآباد، نیلم ویلی، راولاکوٹ، پونچھ، باغ، کوٹلی اور میرپور سمیت مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے۔اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور اٹک میں بھی 12 سے 17 ستمبر تک بارش کا امکان ہے، جبکہ لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، گجرات، فیصل آباد، سرگودھا اور ملتان سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں 14 سے 17 ستمبر کے دوران بارش متوقع ہے۔خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقوں میں 12 سے 17 ستمبر کے دوران بارش، گرج چمک اور کہیں کہیں ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ پشاور، چترال، دیر، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مردان، بنوں اور وزیرستان میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں 12 سے 17 ستمبر کے دوران بارش جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ سندھ میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے، تاہم کراچی، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، میرپورخاص، تھرپارکر، ٹھٹھہ اور بدین میں 13 سے 16 ستمبر کے دوران بارش ہوسکتی ہے۔بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم ژوب، بارکھان اور موسیٰ خیل میں 13 سے 16 ستمبر کے دوران بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 14 سے 17 ستمبر کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، مردان، سوات، لاہور، فیصل آباد اور دیگر شہروں میں شہری سیلاب کا خدشہ ہے۔ شدید بارش کے باعث دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کشمیر، مری اور گلیات کے ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خطرہ ہے۔
موسمی صورتحال کے دوران خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ بارشوں کے باعث درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے سیاحوں اور مسافروں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کرتے ہوئے کسانوں کو موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے فصلوں سے متعلق سرگرمیاں ترتیب دینے کا مشورہ دیا ہے۔ تمام متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ رہنے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔