ملک کے مختلف علاقوں میں 8 جولائی تک بارشوں کا امکان، الرٹ جاری

ملک کے مختلف علاقوں میں 8 جولائی تک بارشوں کا امکان، الرٹ جاری

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں مرطوب ہواؤں کے داخل ہونے کے باعث 8 جولائی تک بارشوں کے سلسلے کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مرطوب ہواؤں کے زیر اثر مختلف علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ 7 جولائی سے مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ بھی بالائی علاقوں میں داخل ہوگا جس سے بارشوں کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔پیشگوئی کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں بارش متوقع ہے۔ پنجاب کے مختلف شہروں لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ اور سرگودھا میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز آندھی کے باعث کمزور اور خستہ حال عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔اس کے علاوہ کسانوں کو فصلوں اور مویشیوں کے تحفظ کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔