ایران کی شرائط پوری ہونے تک امریکا سے مذاکرات نہیں ہوں گے: محسن رضائی

ایران کی شرائط پوری ہونے تک امریکا سے مذاکرات نہیں ہوں گے: محسن رضائی

تہران: ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری محسن رضائی نے واضح کیا ہے کہ ایران کی شرائط پوری ہونے تک امریکا کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہوں گے۔

محسن رضائی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے متضاد بیانات پر بھی خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کبھی امریکا کی جانب سے مذاکرات نہ کرنے کی بات کرتے ہیں اور کبھی مذاکرات کے لیے آمادگی ظاہر کرتے ہیں، اس لیے ان کے بیانات سے گمراہ ہونے کے بجائے ایران کے مؤقف کو مدنظر رکھنا چاہیے۔ایرانی عہدیدار کے مطابق تیل اور آبنائے ہرمز سے متعلق صورتحال اب پہلے جیسی نہیں رہی۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ حالات میں ہونے والے نقصانات پر قابو پانے کی کوششیں مستقبل میں پیدا ہونے والی صورتحال کو روکنے کے لیے کافی نہیں ہوں گی۔محسن رضائی نے ایک بار پھر واضح کیا کہ جب تک ایران کی شرائط پوری نہیں کی جاتیں، امریکا کے ساتھ مذاکرات کا کوئی امکان نہیں۔ان کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آبنائے ہرمز، تیل کی ترسیل اور ایران امریکا تنازع کے حوالے سے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔