تہران: ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جنگ کے خاتمے کے لیے تہران کی جانب سے پیش کردہ سات شرائط تسلیم کرے۔
انہوں نے واشنگٹن کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب امریکا کے لیے ایران کے مطالبات کے سامنے ہتھیار ڈالنے کا وقت آگیا ہے۔محسن رضائی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں امریکی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف جنگ نے واشنگٹن کو پہلے ہی شدید نقصان پہنچایا ہے، تاہم امریکی حکومت ایک مایوس جواری کی طرح مسلسل کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ایرانی عہدیدار نے امریکا پر زور دیا کہ وہ مذاکرات سے متعلق غیر حقیقی خبریں پھیلانے کا سلسلہ بند کرے اور مغربی ایشیا میں تبدیل ہوتی علاقائی صورتحال کو تسلیم کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن کو زمینی حقائق کا ادراک کرتے ہوئے ایران کے مطالبات کو سنجیدگی سے لینا چاہیے۔محسن رضائی نے واضح کیا کہ امریکا کو جنگ ختم کرنے کے لیے ایران کی جانب سے بار بار پیش کی جانے والی سات شرائط تسلیم کرنا ہوں گی۔ تہران ان شرائط کو تنازع کے خاتمے اور مستقبل میں کشیدگی سے بچنے کے لیے ضروری قرار دیتا رہا ہے۔
تاہم محسن رضائی کے تازہ بیان میں ان سات شرائط کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں اور نہ ہی یہ واضح کیا گیا کہ ایران نے ان مطالبات کو باضابطہ طور پر مذاکراتی عمل میں کس انداز سے پیش کیا ہے۔یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی رابطوں اور ثالثی کی کوششیں جاری ہیں۔ قطر سمیت بعض علاقائی ممالک دونوں فریقین کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور ممکنہ معاہدے کے لیے سفارتی کردار ادا کر رہے ہیں۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی ایران کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے مثبت پیش رفت کے دعوے کر چکے ہیں، تاہم واشنگٹن کی جانب سے ایران کے تمام مطالبات تسلیم کرنے کا کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔