شرائط پوری ہونے تک امریکا سے تکنیکی مذاکرات نہیں ہوں گے: ایرانی نائب وزیر خارجہ

شرائط پوری ہونے تک امریکا سے تکنیکی مذاکرات نہیں ہوں گے: ایرانی نائب وزیر خارجہ

ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ تکنیکی مذاکرات اس وقت ہوں گے جب تمام شرائط پوری ہو جائیں گی اور دونوں فریق تاریخ اور مقام پر متفق ہوں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کاظم غریب آبادی نے امریکی میڈیا میں آنے والی ان خبروں کی تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ رواں ہفتے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ایران اور امریکا کے درمیان تکنیکی مذاکرات ہونے جا رہے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ دوحہ میں تہران اور واشنگٹن کے درمیان تکنیکی ورکنگ گروپ کے مذاکرات سے متعلق میڈیا رپورٹس درست نہیں ہیں اور نہ ہی اس ہفتے کسی تکنیکی اجلاس کا شیڈول طے کیا گیا ہے۔ایرانی نائب وزیر خارجہ کے مطابق قطر کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ جاری ہے، جس میں حال ہی میں دستخط ہونے والی مفاہمتی یادداشت کے تحت امریکا کی جانب سے کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے پر بات ہو رہی ہے۔

کاظم غریب آبادی نے مزید کہا کہ ورکنگ گروپس کے تحت تکنیکی مذاکرات کا پہلا دور اسی وقت منعقد ہوگا جب تمام ضروری شرائط پوری ہو جائیں گی اور تاریخ و مقام پر باہمی اتفاق رائے قائم ہو جائے گا۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس معاملے پر ثالث ممالک کے ذریعے سفارتی مشاورت بدستور جاری ہے، تاکہ دونوں ممالک کے درمیان آئندہ مذاکرات کے لیے مناسب ماحول پیدا کیا جا سکے۔