گوجرانوالہ: تھانہ صدر گوجرانوالہ پولیس کے مبینہ مقابلے میں 8 سالہ خصوصی بچی کو اسکول پک اینڈ ڈراپ کے دوران متعدد بار مبینہ جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے والا رکشہ ڈرائیور ہلاک ہوگیا۔
پولیس کے مطابق مقدمے میں مطلوب ملزم رشید ایک نامعلوم ساتھی کے ہمراہ پولیس پارٹی پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا کہ اس دوران مبینہ طور پر اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا، جبکہ ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزم بچی کو اسکول لے جانے اور واپس چھوڑنے کے دوران متعدد بار مبینہ زیادتی کا نشانہ بنا چکا تھا۔ ملزم کے قبضے سے ناجائز اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈویژنل ایس پی سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے ایس ڈی پی او پیپلز کالونی کی زیرنگرانی خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جبکہ شہر بھر میں ناکہ بندی بھی جاری ہے۔سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے کہا کہ خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی ناگزیر ہے۔