لاہور: نشتر کالونی پولیس نے ایک جواں سالہ لڑکی پر بہیمانہ تشدد اور زیادتی کے الزام میں رکشہ ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس نے ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے ملزم عابد کو بینک اسٹاپ سے ٹریس کر کے حراست میں لیا ہے۔ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کے مطابق، متاثرہ لڑکی لنک روڈ پر واقع ایک نجی مال میں کام کرتی تھی۔ چھٹی کے بعد وہ گھر جانے کے لیے رکشہ میں سوار ہوئی تھی۔ پولیس کے مطابق، ملزم نے لڑکی کو جان سے مارنے کی دھمکی دی اور اسے آشیانہ روڈ پر ایک گھر لے گیا۔مدعیہ کے الزامات کے مطابق، ملزم نے گھر میں لڑکی پر تشدد کیا اور اسے زیادتی کا نشانہ بنایا۔ واقعے کے بعد، ملزم عابد لڑکی کو اس کے گھر کے قریب چھوڑ کر فرار ہوگیا تھا۔پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے اور اس کے خلاف مقدمہ درج کرکے معاملہ جینڈر سیل کے حوالے کر دیا ہے۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن نے کہا کہ خواتین کا استحصال کرنے والوں کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔