ریس کورس پولیس نے 14 سالہ طالبہ کے اغوا کے واقعے میں فوری کارروائی کرتے ہوئے بچی کو بروقت بازیاب کروا لیا ہے۔
واقعہ تین روز قبل پیش آیا جب حجاب نامی طالبہ اسکول جاتے ہوئے اغوا ہو گئی۔ پولیس حکام کے مطابق، والدین کی درخواست موصول ہونے کے فوراً بعد پولیس ٹیم نے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے کارروائی شروع کی۔پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزم کو ٹریس کیا اور اسے چونگی امرسدھو کے علاقے سے گرفتار کیا۔ ایس پی سول لائنز چوہدری اثر علی کے مطابق، مغویہ کو ورغلا کر ایک کرائے کے کوارٹر میں لے جایا گیا تھا، جہاں سے پولیس نے کامیابی سے بچی کو بازیاب کروا لیا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ بروقت کارروائی اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے یہ کامیابی ممکن ہوئی، اور بچی کو محفوظ حالت میں واپس لایا گیا ہے۔