جو روٹ نے نوجوان پاکستانی فاسٹ بولر رضا اللہ کو محنت اور فٹنس کا مشورہ دے دیا

جو روٹ نے نوجوان پاکستانی فاسٹ بولر رضا اللہ کو محنت اور فٹنس کا مشورہ دے دیا

انگلینڈ کے خلاف ایجبسٹن ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والے نوجوان پاکستانی فاسٹ بولر رضا اللہ نے انکشاف کیا ہے کہ انگلش کپتان جو روٹ نے ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مزید محنت جاری رکھنے اور فٹنس کا خاص خیال رکھنے کا مشورہ دیا۔

رضا اللہ کے مطابق میچ کے بعد جو روٹ خصوصی طور پر ان سے ملاقات کے لیے آئے اور ان کا حوصلہ بڑھایا۔ عالمی سطح کے کھلاڑی کی جانب سے پذیرائی کو نوجوان کرکٹر نے اپنے لیے باعثِ فخر اور مزید محنت کی ترغیب قرار دیا۔رضا اللہ نے بتایا کہ انہوں نے کرکٹ کا آغاز اپنے بڑے بھائی کے ساتھ کیا، جو انہیں موٹر سائیکل پر بٹھا کر گراؤنڈ لے کر جاتے تھے۔ 2019 میں ہارڈ بال کرکٹ شروع کی اور 2022 میں انڈر 19 کے ٹرائلز میں ناکامی کے باوجود ہمت نہیں ہاری۔ اگلے سال دوبارہ کوشش کی اور ضلع کی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔بعد ازاں ریجنل کرکٹ، پشاور کی نمائندگی اور فرسٹ کلاس کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کے ذریعے رضا اللہ نے قومی سطح پر اپنی جگہ بنائی۔ انگلینڈ کے خلاف ڈیبیو ٹیسٹ میں انہوں نے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ جو روٹ کی وکٹ کو اپنے کیریئر کا یادگار لمحہ قرار دیا۔

نوجوان فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ وہ خود کو صرف بولنگ تک محدود نہیں رکھنا چاہتے بلکہ بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں مسلسل محنت کرکے ایک مکمل آل راؤنڈر بننے کے خواہشمند ہیں۔رضا اللہ نے کہا کہ کامیابی کے بعد ملنے والی شہرت اپنی جگہ لیکن ان کی اصل توجہ کرکٹ پر ہے۔ وہ روزانہ کچھ نیا سیکھنے، اپنی خامیوں پر کام کرنے اور پاکستان کی جانب سے کھیلتے ہوئے قومی ٹیم کو زیادہ سے زیادہ کامیابیاں دلانے کے خواہاں ہیں۔انہوں نے اپنے پسندیدہ فاسٹ بولر سابق پاکستانی عظیم وقار یونس کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی بولنگ اور انداز سے متاثر ہیں اور ان سے بہت کچھ سیکھنے کی خواہش رکھتے ہیں۔