سابق آسٹریلین فاسٹ بولر بریٹ لی نے کہا ہے کہ موجودہ آسٹریلوی بولنگ اٹیک ملکی کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بہترین یونٹ ہے۔
بریٹ لی کے مطابق پیٹ کمنز کی قیادت میں موجود بولنگ گروپ، جس میں مچل اسٹارک، ناتھن لائن اور جوش ہیزل ووڈ شامل ہیں، اعداد و شمار اور کارکردگی کے اعتبار سے بے مثال ہے۔چاروں بولرز مجموعی طور پر 389 ٹیسٹ میچز کھیل چکے ہیں اور ان کے نام 1586 وکٹیں ہیں، جن میں تین بولرز نے 300 سے زائد ٹیسٹ وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔ ہیزل ووڈ 295 وکٹوں کے ساتھ اس سنگ میل کے قریب ہیں۔
بریٹ لی نے مزید بتایا کہ جب یہ چاروں بولرز 35 ٹیسٹ میچز میں ایک ساتھ کھیلے، تو آسٹریلیا نے 22 فتوحات حاصل کیں، 9 میچز میں شکست ہوئی اور 4 میچز ڈرا رہے، جبکہ اس دوران ان کی مشترکہ وکٹیں 567 رہیں، جو ایک ریکارڈ ہے۔بریٹ لی کا کہنا تھا کہ مختلف ادوار کا موازنہ مشکل ضرور ہے، مگر موجودہ بولنگ یونٹ کی طویل المدتی کامیابی اور مستقل مزاجی انہیں سب پر فوقیت دیتی ہے۔