انگلینڈ کے کرکٹ شائقین اس وقت حیران رہ گئے جب روٹ کے پروفیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے اعلان کی خبر سامنے آئی، تاہم بعد میں واضح ہوا کہ یہ انگلینڈ کے اسٹار بیٹر جو روٹ نہیں بلکہ ان کے چھوٹے بھائی بلی روٹ ہیں۔
34 سالہ بلی روٹ نے کاؤنٹی کرکٹ میں 14 سال گزارنے کے بعد 2026 کے سیزن کے اختتام پر پروفیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کیا ہے۔ بلی روٹ اپنے بھائی جو روٹ سے تقریباً 16 ماہ چھوٹے ہیں، جبکہ جو روٹ بدستور انگلینڈ کی نمائندگی کر رہے ہیں اور بین الاقوامی کرکٹ میں نئے سنگ میل عبور کررہے ہیں۔جو روٹ نے حال ہی میں ٹیسٹ کرکٹ میں سچن ٹنڈولکر کی 68 نصف سنچریوں کا ریکارڈ توڑتے ہوئے اپنی 69ویں نصف سنچری مکمل کی۔ وہ 521 اننگز میں 23 ہزار بین الاقوامی رنز مکمل کرنے والے بھی دوسرے کھلاڑی بن گئے، جبکہ انہوں نے یہ سنگ میل ٹنڈولکر سے ایک اننگز پہلے عبور کیا۔دوسری جانب بلی روٹ نے اپنے کاؤنٹی کیریئر کے دوران ناٹنگھم شائر اور گلیمورگن کی نمائندگی کی۔ انہوں نے 83 فرسٹ کلاس میچز میں 4,107 رنز اسکور کیے، جن میں 7 سنچریاں شامل ہیں، جبکہ ان کا بہترین انفرادی اسکور 229 رنز رہا۔
بلی روٹ نے گلیمورگن کی 2024 ون ڈے کپ کی کامیابی سمیت مجموعی طور پر چار ٹرافی فتوحات میں بھی اہم کردار ادا کیا۔رواں سیزن میں محدود مواقع ملنے کے باعث بلی روٹ صرف دو کاؤنٹی چیمپئن شپ میچز کھیل سکے۔ 2026 کے سیزن کے اختتام پر ان کی ریٹائرمنٹ کے ساتھ کاؤنٹی کرکٹ میں ان کے 14 سالہ پروفیشنل کیریئر کا اختتام ہوجائے گا۔