برکس اجلاس میں ایرانی صدر کا خطاب، بھارتی ترجمان ڈرائی فروٹ کھانے میں مصروف، ویڈیو وائرل

برکس اجلاس میں ایرانی صدر کا خطاب، بھارتی ترجمان ڈرائی فروٹ کھانے میں مصروف، ویڈیو وائرل

برکس سربراہی اجلاس کے دوران بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی، جس میں انہیں اجلاس کے دوران خشک میوہ جات کھاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

العربیہ کی جانب سے جاری ویڈیو میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان کو برکس اجلاس کے مرکزی اسٹیج پر خطاب کرتے دیکھا جاسکتا ہے، جبکہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سمیت دیگر شرکا ان کی گفتگو سن رہے ہیں۔اسی دوران کیمرے کا رخ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال کی جانب ہوا، جو اپنی نشست پر بیٹھے ڈرائی فروٹ کھانے میں مصروف دکھائی دیے۔ ویڈیو میں وہ بظاہر ایک کے بعد ایک خشک میوہ کھاتے نظر آئے جبکہ پس منظر میں ایرانی صدر خطاب جاری رکھے ہوئے تھے۔

ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھارتی ترجمان کے انداز پر مختلف تبصرے کیے گئے۔ بعض صارفین نے اسے اہم سفارتی اجلاس کے ماحول سے غیر موزوں قرار دیا جبکہ کچھ نے واقعے کو طنزیہ انداز میں برکس اجلاس کا دلچسپ لمحہ قرار دیا۔برکس اجلاس میں عالمی سیاست، بدلتے جغرافیائی حالات اور معاشی تعاون سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال جاری تھا، ایسے میں بھارتی ترجمان کے ڈرائی فروٹ کھانے کا منظر سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کرگیا۔