نیویارک کے اسٹیٹن آئی لینڈ میں ڈرائی ڈاک میں دھماکا، 1 ہلاک، 36 زخمی

نیویارک کے اسٹیٹن آئی لینڈ میں ڈرائی ڈاک میں دھماکا، 1 ہلاک، 36 زخمی

امریکی شہر نیویارک کے علاقے اسٹیٹن آئی لینڈ میں واقع ایک ڈرائی ڈاک میں خوفناک دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ 36 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

حکام کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب فائر فائٹرز تہہ خانے میں لگی آگ پر قابو پانے اور وہاں پھنسے ہوئے دو افراد کو بچانے کی کوشش کر رہے تھے۔ اسی دوران اچانک زور دار دھماکا ہوا جس سے ریسکیو آپریشن متاثر ہوا۔حادثے میں دو فائر فائٹرز بھی شدید زخمی ہوئے۔ ایک فائر مارشل کو سر کی ہڈی میں فریکچر اور دماغی چوٹ کے باعث وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا ہے، جبکہ دوسرے فائر فائٹر کی حالت تشویشناک تھی تاہم بعد میں بہتری کی اطلاع ملی ہے۔نیویارک حکام کے مطابق مجموعی طور پر زخمیوں کی تعداد 36 تک پہنچ گئی ہے، جنہیں قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

میئر نیویارک نے واقعے کو ایک “انتہائی پیچیدہ اور تیزی سے بدلتی ہوئی ہنگامی صورتحال” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریسکیو اہلکاروں نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر لوگوں کو بچانے کی کوشش کی۔حکام نے بتایا کہ آگ مکمل طور پر بجھنے کے بعد دھماکے کی وجوہات جاننے کے لیے جامع تحقیقات شروع کی جائیں گی تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ واقعہ کیسے پیش آیا۔