وزیراعظم محمد شہباز شریف ایک روزہ سرکاری دورے پر قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچ گئے ہیں۔
دوحہ ائیرپورٹ پر قطر کے وزیر ثقافت شیخ عبد الرحمن بن حمد بن جاسم بن حمد الثانی نے وزیراعظم اور پاکستانی وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔وزیراعظم شہباز شریف دوحہ میں ہنگامی عرب اسلامی سربراہی کانفرنس میں شرکت کریں گے، جو اسرائیل کے فضائی حملوں اور فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالی کی صورت حال پر غور کرنے کے لیے بلائی گئی ہے۔ وزیراعظم کے ساتھ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی سید طارق فاطمی بھی اعلیٰ سطحی وفد میں شامل ہیں۔
پاکستان قطر کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے قطری قیادت سے ملاقات میں پاکستان کی غیر متزلزل حمایت اور مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے لیے عزم کا اظہار کیا۔15 ستمبر کو دوحہ میں ہونے والا ہنگامی اجلاس امت مسلمہ میں مضبوط اتحاد اور علاقائی امن قائم کرنے کے لیے غیر متزلزل عزم کا مظہر ہوگا، جس میں وزیراعظم پاکستان کے علاوہ دیگر مسلم ممالک کے سربراہان بھی شرکت کریں گے۔