میلان: اطالوی فٹبال کے عظیم ترین دفاعی کھلاڑیوں میں شمار ہونے والے اور اے سی میلان کے سابق کپتان فرانکو باریزی 66 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
ان کے انتقال کی تصدیق اے سی میلان نے اپنے سرکاری بیان میں کی، تاہم موت کی وجہ فوری طور پر سامنے نہیں لائی گئی۔کلب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ فرانکو باریزی کی وفاداری، قائدانہ صلاحیت، کردار اور کلب کے لیے خدمات ہمیشہ اے سی میلان کی تاریخ کا لازمی حصہ رہیں گی اور انہیں ہمیشہ احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔فرانکو باریزی نے اپنا پورا پیشہ ورانہ کیریئر اے سی میلان کے ساتھ گزارا، جہاں انہوں نے تقریباً دو دہائیوں کے دوران 700 سے زائد میچز کھیلے۔ ان کی قیادت میں اے سی میلان نے یورپی اور ملکی سطح پر بے شمار کامیابیاں حاصل کیں، جن میں تین یورپی چیمپئنز کپ (موجودہ چیمپئنز لیگ)، چھ سیری اے ٹائٹلز، دو انٹرکانٹی نینٹل کپ، تین یورپی سپر کپ اور چار اطالوی سپر کپ شامل ہیں۔1997 میں ریٹائرمنٹ کے بعد اے سی میلان نے ان کی غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں ان کی مشہور نمبر 6 جرسی کو ہمیشہ کے لیے ریٹائر کر دیا، جو کسی بھی کھلاڑی کے لیے کلب کے اعلیٰ ترین اعزازات میں شمار ہوتا ہے۔
بین الاقوامی سطح پر بھی فرانکو باریزی نے اٹلی کے لیے شاندار خدمات انجام دیں۔ وہ 1982 میں فیفا ورلڈ کپ جیتنے والی اطالوی ٹیم کا حصہ تھے، جبکہ 1994 کے ورلڈ کپ میں انہوں نے دفاعی لائن کی قیادت کرتے ہوئے ٹیم کو فائنل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔رپورٹس کے مطابق گزشتہ سال ان کے پھیپھڑوں سے ایک گلٹی نکالنے کے لیے سرجری کی گئی تھی، جبکہ ان کی آخری عوامی شرکت رواں سال فروری میں سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں ہوئی تھی۔فرانکو باریزی کے انتقال پر اطالوی وزیر اعظم، فٹبال حکام، سابق کھلاڑیوں، مداحوں اور دنیا بھر کے فٹبال حلقوں نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اطالوی فٹبال کی تاریخ کا ناقابلِ فراموش لیجنڈ قرار دیا اور ان کی کھیل کے لیے خدمات کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔