پنجاب حکومت کو مساوی طور پر جنوبی اور سینٹرل پنجاب میں حقوق دینے چاہئیں:چیئرمین سینیٹ
اسلام آباد( اے ایف بی)چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین کا پیپلز پارٹی میں آنا ایک نیک شگون ہوگا۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین کے آنے سے پیپلز پارٹی مزید مضبوط ہوگی، جہانگیر ترین میرے بھائی اور قریبی عزیز ہیں۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پنجاب صرف لاہور نہیں، یہ ایک بہت بڑا صوبہ ہے، پنجاب 12 کروڑ کی آبادی کا صوبہ ہے، کئی ممالک اس سے چھوٹے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں خاصی پسماندگی اور بیروزگاری بھی ہے، جنوبی پنجاب میں تعلیم کی کمی بھی، پنجاب حکومت کو مساوی طور پر جنوبی اور سینٹرل پنجاب میں حقوق دینے چاہئیں۔ا نہوںنے کہا کہ بھارت کے پاکستان پر دہشت گردی کے بیانیے کو پوری دنیا نے رد کیا ہے، بھارت نے پانی بند کیا تو اسے اعلان جنگ تصور کیا جائے گا۔