عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، سیلابی چیلنج سے نکل آئیں گے،وزیراعلیٰ سندھ
کراچی (آئی این پی )وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ موسمیاتی اورزرعی ایمرجنسی لگانے پر وزیراعظم کا مشکور ہوں، وزیراعظم کا شکریہ کہ انہوں نے ایمرجنسی کا اعلان کیا، حکومت جلد اقوام متحدہ سے امداد کی اپیل کرے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کشمور کا دورہ کرکے سیلاب سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ ماحولیاتی اور زرعی ایمرجنسی لگائیں، وزیراعظم کا شکریہ کہ انہوں نے ایمرجنسی کا اعلان کیا۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ چیئرمین بلاول نے کہا تھا کہ متاثرین کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے امداد دیں لیکن وہ اب تک نہیں دی گئی، چیئرمین بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا تھا کہ عالمی امداد کی فوری اپیل کریں، وہ اب تک نہیں کی گئی، وفاقی حکومت جلد اقوام متحدہ سے امداد کی اپیل کرے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ توڑی بند اور کے کے بند گڈو بیراج کے کمزور مقامات ہیں، سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے انتظامات کر لئے ہیں، کشمور سے 30 ہزار متاثرین کو نکالا ہے لیکن ریلیف کیمپوں میں کوئی نہیں آیا، تاہم کشمور اور گھوٹکی کے میڈیکل کیمپوں میں لوگ اور مویشی آئے ہیں۔وزیراعلی سندھ نے بتایا کہ گڈوبیراج کی گنجائش 11 لاکھ کیوسک ہے اور یہاں سے اب تک پانی کی سطح ساڑھے 5 لاکھ کیوسک تک ہے، ہم گڈو بیراج سے چھ ساڑھے چھ لاکھ تک پانی گزار سکتے ہیں، تمام بندوں کے حساس مقامات پر مشینری موجود ہے