قومی اسمبلی کو خبردار کرتے ہیں سندھ تقسیم کرنے کی بات نہ کرے:مرادعلی شاہ

 صوبائی اسمبلی میںسندھ کی تقسیم کے خلاف قرارداد منظور‘ ضرورت پڑی تو سندھ میں مزید اضلاع اور انتظامی یونٹس بنائے جاسکتے ہیں:وزیراعلی
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے  سندھ کے مستقبل کا فیصلہ کہیں اور بیٹھ کر نہیں کیا جاسکتا، قومی اسمبلی کو خبردار کرتے ہیں کہ سندھ کی تقسیم کی بات بھی نہیں کی جاسکتی۔سندھ اسمبلی میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق پیپلز پارٹی کی تحریک التوا پر چوتھے روز بھی بحث جاری رہی، جس کے بعد سندھ کی تقسیم کے خلاف قرارداد منظور کرلی گئی۔ قرارداد پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی نثار کھوڑو نے پیش کی۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں نئے صوبے نہیں بننے چاہئیں، فیصلہ سندھ میں ہی ہونا ہے، جس سے پتا چل جائے گا  کون ساتھ ہے اور کون دوغلا پن کر رہا ہے۔ سندھ کے عوام کے جذبات اور احساسات کو نظرانداز کرنا کسی صورت درست نہیں۔مراد علی شاہ نے کہا کہ ون یونٹ کے قیام کے معاملے پر بھی سندھ کے عوام کے جذبات کو نظرانداز کیا گیا تھا، سندھ کے مستقبل کا فیصلہ کسی دوسرے مقام پر بیٹھ کر نہیں کیا جاسکتا‘ ضرورت پڑی تو سندھ میں مزید اضلاع اور انتظامی یونٹس بنائے جاسکتے ہیں، جبکہ مقامی حکومتوں کو مزید مضبوط بنانا بھی حکومت کی ترجیح ہے۔ مقامی حکومتوں کو مضبوط بنانے کیلئے قانون میں مزید ترامیم لانے پر بھی کام جاری ہے۔