پوپ لیو کے پھیپھڑے میں کینسر کا آپریشن، ڈاکٹرز نے صحت یابی سے متعلق خبر سنا دی

پوپ لیو کے پھیپھڑے میں کینسر کا آپریشن، ڈاکٹرز نے صحت یابی سے متعلق خبر سنا دی

پوپ لیو چہاردہم کے پھیپھڑے میں کینسر زدہ حصے کو نکالنے کے لیے آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے، جس کے بعد ان کی طبیعت میں بہتری آ رہی ہے۔

 ڈاکٹروں کے مطابق ابتدائی طبی معائنے اور ٹیسٹوں کے نتائج حوصلہ افزا ہیں، تاہم کینسر کے پھیلاؤ سے متعلق حتمی صورتِ حال جاننے کے لیے بایوپسی رپورٹ کا انتظار ہے۔ویٹیکن کے مطابق 71 سالہ پوپ لیو چہاردہم کی منگل کو روم کے جیمیلی اسپتال میں سرجری کی گئی، جس کے دوران ان کے دائیں پھیپھڑے کا متاثرہ حصہ نکال دیا گیا۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ آپریشن کے بعد ان کے خون کے ٹیسٹ اور سینے کے ایکسرے سمیت دیگر طبی معائنے معمول کے مطابق رہے، جو ان کی صحت یابی کے لیے مثبت علامت ہے۔طبی عملے کے مطابق پوپ نے ناشتہ اور دوپہر کا کھانا کھایا اور اپنے کمرے میں چہل قدمی بھی کی۔ انہیں سانس کی بحالی کے لیے مخصوص فزیوتھراپی بھی کروائی جا رہی ہے تاکہ آپریشن کے بعد پھیپھڑوں کی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد مل سکے۔

ویٹیکن حکام کے مطابق پھیپھڑے میں موجود رسولی ابتدائی مرحلے میں اور ایک محدود حصے تک تھی۔ تاہم، اس بات کی تصدیق کے لیے بایوپسی کے نتائج اہم ہوں گے کہ آیا کینسر جسم کے کسی دوسرے حصے تک پھیلا ہے یا نہیں۔پوپ لیو چہاردہم کی علالت اور آپریشن کے بعد مختلف عالمی رہنماؤں نے ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ ان میں برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو، آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز اور پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف شامل ہیں۔

ویٹیکن کے مطابق پوپ کی صحت یابی میں تقریباً ایک ہفتہ لگ سکتا ہے، جبکہ ان کی 20 اکتوبر تک طے شدہ تمام ملاقاتیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ آئندہ ماہ یوراگوئے، ارجنٹائن اور پیرو کے ممکنہ دورے کے بارے میں بھی تاحال حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔پوپ لیو چہاردہم 8 مئی 2025 کو منتخب ہوئے تھے اور وہ کیتھولک چرچ کی تاریخ کے پہلے امریکی پوپ ہیں۔ ان کی صحت سے متعلق آئندہ طبی رپورٹس کو ان کی بحالی اور مستقبل کی مصروفیات کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔