پاکستان اور عمان کے درمیان سفارتی پاسپورٹ پر ویزا فری معاہدہ ہوگا اسحاق ڈار

 ایران امریکہ مذاکرات میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہیں:عمان کے وزیرخارجہ  سید بدر بن حمد البوسعیدی کی پریس کانفرنس
اسلام آباد ( آن لائن)  پاکستان اور عمان نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، سفارتی روابط کے فروغ اور باہمی تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے سفارتی اور خصوصی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا فری معاہدے پر دستخط کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور عمان کے درمیان جوائنٹ منسٹریل کمیٹی کا اجلاس کامیابی سے مکمل ہو گیا ہے، جس میں دوطرفہ تعلقات کے علاوہ مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال، افغانستان، مسئلہ کشمیر، فلسطین اور سندھ طاس معاہدے سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے عمانی وزیر خارجہ سید بدر بن حمد البوسعیدی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمانی وزیر خارجہ اور ان کے وفد کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور عمان کے درمیان مذاکرات میں دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بات چیت ہوئی، جبکہ دونوں ممالک نے باہمی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا۔اس موقع پر عمانی وزیر خارجہ سید بدر بن حمد البوسعیدی نے علاقائی سفارت کاری میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ عمان ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات میں پاکستان کے کردار کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔عمانی وزیر خارجہ نے آبنائے ہرمز سے متعلق ایران اور عمان کے مذاکرات کے حوالے سے بتایا کہ ان مذاکرات کا عمل مکمل ہو چکا ہے، تاہم ان معاملات کو حتمی شکل دینے کا انحصار ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات پر ہے۔