نیویارک میں نائب وزیراعظم اور سعودی وزیر خارجہ نے معاہدے پر دستخط کئے‘سٹریٹیجک شراکت داری مزید بڑھے گی:اسحاق ڈار
اسحاق ڈار سے فرانسیسی وزیر برائے یورپ و خارجہ امور اور لیبیا کے قائم مقام وزیر خارجہ کی ملاقاتیں‘تجارت‘سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق
نیویارک (آئی این پی)پاکستان اور سعودی عرب میں سفارتی، سرکاری اور خصوصی پاسپورٹ کو ویزے سے مستثنیٰ قرار دینے کا معاہدہ طے پاگیا۔نیویارک میں معاہدے پر دستخط نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے کئے۔نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحق ڈار نے اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کی سائیڈ لائن پر ملاقات کی اور اس حوالے سے نیویارک میں معاہدے پر دستخط کیے۔وزیر خارجہ اسحق ڈار نے کہا کہ ان کے لیے یہ دستخط باعث مسرت ہیں۔ یہ اہم قدم دونوں ملکوں کے درمیان اعلی سطح کے رابطوں اور ادارہ جاتی تبادلوں میں مزید سہولت دے گا۔ان کا کہنا تھا کہ اس عمل سے باہمی مفاد کے تمام شعبوں میں دونوں برادر ملکوں کی اسٹریٹیجک شراکت داری مزید بڑھے گی۔دریں اثناء محمد اسحاق ڈار نے نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر فرانسیسی وزیر برائے یورپ و خارجہ امور ژاں نوئل باروٹ سے ملاقات کی۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور فرانس کے دوطرفہ تعلقات، علاقائی و عالمی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اسحاق ڈار نے سیاسی روابط، تجارت و سرمایہ کاری، تعلیمی روابط اور عوامی سطح پر رابطوں کے ذریعے دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔علاوہ ازیںپاکستان اور لیبیا کے درمیان تجارت، تعلیم اور کاروباری روابط بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے لیبیا کے قائم مقام وزیر خارجہ الطاہر الباعور کی ملاقات ہوئی، اسحاق ڈار نے لیبیا کے ساتھ دوستانہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اسحاق ڈار اور لیبیا کے قائم مقام وزیر خارجہ نے علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں وزرائے خارجہ نے مشرق وسطی کی بدلتی صورتحال پر بھی بات چیت کی۔ اس موقع پر مشرق وسطی کی صورتحال کے علاقائی امن، توانائی کی فراہمی اور عالمی معیشت پر اثرات کا جائزہ لیا گیا، ترقی پذیر ممالک پر علاقائی صورتحال کے معاشی اثرات بھی زیر بحث آئے۔