پاکستان اور بنگلہ دیش میں سفارتی و سرکاری پاسپورٹ پر ویزا فری انٹری کا فیصلہ تعلقات بڑھانے کیلئے مشترکہ کمیٹی قائم

 بنگلہ دیش کا اعلیٰ سطح کا وفد جلد سیف سٹی پراجیکٹ اور نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کرنے اسلام آباد آئے  گا:وزیرداخلہ محسن نقوی کی ہم منصب سے ملاقات میں فیصلے
 ڈھاکہ (یواین پی) پاکستان اور بنگلہ دیش نے سفارتی و سرکاری پاسپورٹس پر ویزہ فری انٹری کی سہولت دینے پر اصولی طور پر اتفاق کر لیا، دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات مزید بڑھانے کے لیے مشترکہ کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈھاکہ میں بنگلہ دیشی ہم منصب لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ جہانگیر عالم چودھری سے ملاقات کی، وزارت داخلہ پہنچنے پر بنگلا دیشی ہم منصب نے محسن نقوی کا پرتپاک خیرمقدم کیا، انہیں گارڈ آف آنرز پیش کیا گیا، پاکستان اور بنگلہ دیش کے وزراء داخلہ کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک بنگلہ دیش دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں دونوں وزرائے داخلہ نے انٹرنل سکیورٹی اور پولیس ٹریننگ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، اس موقع پر پاکستان اور بنگلہ دیش میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ کمیٹی تشکیل دے دی گئی، پاکستان کی طرف سے وفاقی سیکریٹری داخلہ خرم آغا کمیٹی کے سربراہ ہوں گے، بنگلہ دیش کا اعلیٰ سطح کا وفد عنقریب سیف سٹی پراجیکٹ اور نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کرنے اسلام آباد پہنچے گا۔معلوم ہوا ہے کہ ملاقات کے دوران انسداد منشیات و انسداد انسانی سمگلنگ کے لیے اشتراک کار بڑھانے پر بات چیت کی گئی اور انسداد دہشت گردی کے لیے مشترکہ اقدامات کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، پولیس اکیڈمیوں میں ٹریننگ پروگرامز کے باہمی تبادلوں پر بھی گفتگو ہوئی، لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ جہانگیر عالم نے پولیس ٹریننگ کی پیشکش پرپاکستانی ہم منصب محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا