پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی درجہ بندی میں بہتری‘113 سے100ویں نمبر پر آگیا 32 ممالک کا ویزا فری سفر ممکن

 متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان  معاہدے کے تحت سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کو ویزے کی ضرورت نہیں ہوگی

اسلام آباد (آئی این پی )دنیا بھر میں پاکستانی شہری اب 32 ممالک میں ویزہ فری یا ویزہ آن ارائیول کی سہولت حاصل کر سکتے ہیں، کیونکہ پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی درجہ بندی میں نمایاں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے ۔بین الاقوامی رینکنگ پلیٹ فارم "ہینلے اینڈ پارٹنرز" کے مطابق، پاکستانی پاسپورٹ اس وقت 100ویں نمبر پر ہے، جو 2021 میں 113ویں نمبر پر تھا۔ یہ ایک مثبت پیش رفت ہے جو عالمی سطح پر پاکستان کی سفارتی سرگرمیوں اور عالمی تعلقات میں بہتری کی عکاس ہے۔تازہ ترین پیش رفت کے تحت، متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا ہے جس کے مطابق سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کو ویزے کی ضرورت نہیں ہوگی۔اس معاہدے کے بعد ایسے افراد کو سفر سے پہلے ویزہ کے لیے درکار رسمی کارروائیوں سے نجات ملے گی، جو سفارتی تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔