سفارتی وفود کے تبادلوں میں آسانی، لیبر موبیلٹی معاہدہ اور اٹلی میں 10 ہزار 500 ملازمتوں کا کوٹہ پاکستانی افرادی قوت کیلئے اہم پیشرفت
اسلام آباد (آن لائن) پاکستان اور اٹلی نے سفارتی پاسپورٹس پر ویزا کی شرط ختم کرنے کا معاہدہ طے کر لیا ہے، جس کے تحت دونوں ممالک کے سفارتی پاسپورٹ ہولڈرز کو ویزا سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ اس اقدام کو دوطرفہ تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔سفارتی ذرائع کے مطابق دونوں ممالک نے سفارتی وفود کے تبادلوں کو مزید آسان بنانے اور ادارہ جاتی روابط کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا ہے۔ معاہدے کو پاکستان اور اٹلی کے درمیان باہمی اعتماد اور دیرینہ دوستی کا مظہر قرار دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان اور اٹلی کے درمیان اس وقت تجارت، ثقافت، سائنس و ٹیکنالوجی اور دفاعی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں 15 دوطرفہ معاہدے پہلے سے موجود ہیں، جبکہ دونوں ممالک کی جامعات اور تھنک ٹینکس کے درمیان 21 مفاہمتی یادداشتیں بھی فعال ہیں۔دونوں فریقین نے لیبر موبیلٹی اور مائیگریشن کے معاہدے کو پاکستانی افرادی قوت کے لیے ایک اہم پیشرفت قرار دیا ہے۔ پاکستانی سفارتخانے کے مطابق اٹلی میں پاکستانیوں کے لیے 10 ہزار 500 ملازمتوں کا مخصوص کوٹہ بھی مختص کیا گیا ہے، جو روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوگا