وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے لندن میں اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کے گلوبل چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مسٹر بل ونٹرز سے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں پاکستان کی معیشت میں بینک کے اہم اور دیرینہ کردار کو سراہا گیا، اور دونوں جانب باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خزانہ نے پاکستان میں معاشی اصلاحات اور ترقی کے لیے اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کی مسلسل حمایت پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے بینک کے موجودہ مالی معاونت کے منصوبوں پر بھی گفتگو کی اور بینک کے تعاون کو قابلِ تحسین قرار دیا۔محمد اورنگزیب نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت پاکستان معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے اصلاحاتی اقدامات کو جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے اسٹینڈرڈ چارٹرڈ جیسے بین الاقوامی شراکت داروں کے اعتماد کو حوصلہ افزا قرار دیا۔بل ونٹرز نے پاکستان کی معاشی اصلاحات اور استحکام کے سفر کی تعریف کی اور پاکستان کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس کے علاوہ، انہوں نے پاکستان کے ترقیاتی اہداف کے حصول میں طویل المدتی شراکت داری کا یقین دلایا۔ملاقات میں دونوں جانب سے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔