پاکستان کی معیشت مستحکم بنانے کیلئے چین کے سرمایہ کاروں کے ساتھ شراکت داری اہم: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

پاکستان کی معیشت مستحکم بنانے کیلئے چین کے سرمایہ کاروں کے ساتھ شراکت داری اہم: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

بیجنگ: وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے اصلاحاتی ایجنڈے پر پرعزم ہے اور چینی سرمایہ کاروں کے ساتھ شراکت داری کو بے حد اہمیت دیتا ہے۔

 وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ دونوں ممالک مل کر نئی راہیں کھول سکتے ہیں جو پاکستان کی معیشت کو مستحکم اور مالی تعاون کو مزید گہرا کریں گی۔یہ بیان وزیر خزانہ نے ہونگتا سیکورٹیز کے چیئرمین جِنگ فینگ سے اہم ملاقات کے دوران دیا، جس میں پاکستان کی حالیہ معاشی کارکردگی اور مالیاتی شعبے میں ترقی کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خزانہ نے بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیز کی حالیہ رپورٹ پر بھی روشنی ڈالی، جس میں پاکستان کی درجہ بندی میں بہتری آئی ہے:

موڈیز: Caa2 سے Caa1 (مستحکم آؤٹ لک)
فچ: CCC+ سے B- (مستحکم آؤٹ لک)
S&P: CCC+ سے B- (مستحکم آؤٹ لک)
ملاقات میں دونوں فریقین نے کیپیٹل مارکیٹس میں تعاون، مالیاتی شعبے کے روابط اور عالمی و چینی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے امکانات پر بات کی۔سینیٹر اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان مالیاتی ذرائع کو متنوع بنانے اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر کام کر رہا ہے تاکہ ملک کی اقتصادی ترقی اور مالی استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔