وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ دیہی خواتین محنت، محبت، احساسِ ذمہ داری اور قربانی کی زندہ مثال ہیں، اور ایک مضبوط، خودکفیل اور خوشحال پنجاب کی تعمیر ان کے کردار کے بغیر ممکن نہیں۔
دیہی خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد دیہاتی خواتین کی انتھک محنت، قربانی اور خدمات کا اعتراف کرنا ہے۔
انہوں نے کہا:“دیہی خواتین کی محنت سے پنجاب کی زمین لہلہاتی ہے، گھر آباد ہوتے ہیں اور معیشت مستحکم ہوتی ہے۔ دیہی عورت محض ایک محنت کش نہیں بلکہ پنجاب کی ترقی کی حقیقی معمار ہے۔”مریم نواز شریف نے کہا کہ دیہی خاتون سمیت ہر عورت کا تحفظ میری ریڈ لائن ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ چاہتی ہیں دیہی خواتین صرف کاشتکار ہی نہیں بلکہ فیصلہ ساز اور معاشی قوت بھی بنیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ حکومت پنجاب دیہی خواتین کے لیے نئے مواقع اور آسان سہولیات فراہم کر رہی ہے۔
دیہی خواتین کسان کارڈ، لائیو اسٹاک کارڈ، ہمت کارڈ سے مستفید ہو رہی ہیں۔تمام بنیادی مراکز صحت کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔کاروبار کے لیے بلاسود قرضے، لیپ ٹاپ اور تعلیمی اسکالرشپس دیہی بیٹیوں کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی لا رہے ہیں۔مزید کہا گیا کہ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے ذریعے دیہی خواتین کو ترقی کے سفر میں شامل کیا جا رہا ہے، جبکہ خود روزگار کے لیے مویشی فراہم کیے جا رہے ہیں۔مریم نواز نے بتایا کہ ورچوئل پولیس اسٹیشن ہر طبقۂ خواتین کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔