پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ مریم نواز کی محنت سے پنجاب میں بہتری دیکھنے کو مل رہی ہے۔
راولپنڈی، اٹک، مری، چکوال، وزیرآباد، حافظ آباد اور منڈی بہاؤ الدین سے پنجاب اسمبلی کے ارکان نے مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ملاقات کی، جس دوران ملک کی موجودہ صورتحال، عوامی مسائل اور حلقوں میں جاری ترقیاتی کاموں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو صوبے میں ان کی بہترین کارکردگی پر سراہا۔ نواز شریف نے اس موقع پر کہا کہ مریم نواز کی محنت اور عزم کی بدولت پنجاب میں بہتری آ رہی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں روٹی 12 سے 14 روپے کی قیمت پر دستیاب ہے، اور عوام اور نواز شریف ہی ان کی کارکردگی کا سب سے بڑا جائزہ لینے والے ہیں۔ملاقات کے دوران ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں شفافیت اور میرٹ پر ترقیاتی کاموں کی تکمیل کی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ کسان کارڈ کی مدد سے آڑھتیوں سے چھٹکارا حاصل ہونے کے بعد کاشتکار خوشحال ہوئے ہیں۔ انہوں نے مفت ادویات، صحت کے نظام میں بہتری، اور ’’دھی رانی پروگرام‘‘ جیسے عوامی فلاحی منصوبوں کی تعریف کی۔اس کے علاوہ، مریم نواز نے راولپنڈی رنگ روڈ کے دسمبر تک مکمل ہونے کی ہدایت کی اور راولپنڈی و گوجرانوالہ ڈویژن میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کی بھی تاکید کی۔