قائداعظم کے نقشِ قدم پر پاکستان کو مضبوط اور خوشحال بنائیں گے:مریم نواز

قائداعظم کے نقشِ قدم پر پاکستان کو مضبوط اور خوشحال بنائیں گے:مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ ولادت پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کو قائداعظم کے نقشِ قدم پر چل کر ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ ریاست بنایا جائے گا۔

 انہوں نے قائداعظم کی قیادت، عزم اور محنت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم نے جو نظریات پیش کیے وہ آج بھی ہماری رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ قائداعظم کا خواب ایک ایسا پاکستان تھا جہاں ہر شہری کو مساوات، انصاف اور ترقی کے یکساں مواقع ملیں، اور یہ اصول ملک کی ترقی کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کا پاکستان امن، محبت اور ترقی کی علامت تھا، اور یہ خواب حقیقت میں بدلنے کے لیے ان کی حکومت اپنے وسائل اور توانائیاں وقف کر رہی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ قائداعظم کے ویژن کی روشنی میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے اور ان منصوبوں کا مقصد ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہے جو قائداعظم کے اصولوں پر عمل کرے۔

 ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی صرف اسی صورت میں ممکن ہو سکتی ہے جب ہم قائداعظم کے افکار کو اپنے قومی کردار کا حصہ بنائیں۔مریم نواز شریف نے اپنے پیغام کے آخر میں دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں بابائے قوم کے خوابوں کی تکمیل کے لیے استقامت اور کامیابی دے، تاکہ پاکستان ایک مضبوط اور خوشحال ملک بن سکے۔