وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دیہی خواتین کے لیے ٹیکنالوجی ایجوکیشن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ نہ صرف ایک ہنر ہے بلکہ خواتین کو خود اپنے روشن مستقبل کو تحریر کرنے کا ذریعہ بھی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دیہی خواتین کو آئی ٹی اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے معاشی طور پر بااختیار بنائیں گے اور ان کی آن لائن ٹریننگ کے ذریعے فاصلوں کی رکاوٹیں ختم کی جائیں گی۔مریم نواز نے مزید کہا کہ دیہی خواتین گھر بیٹھے باعزت اور باوقار روزگار کما سکیں گی، اور پنجاب کے دیہات کی خواتین عالمی آئی ٹی مارکیٹ میں مقابلہ کرنے کے قابل ہوں گی۔ اس منصوبے کے تحت 27 ہزار دیہی خواتین پنجاب میں ڈیجیٹل انقلاب کی بانی بن سکیں گی۔انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے تعلیم، صنفی مساوات، باعزت روزگار اور معاشی عدم مساوات میں کمی کے اہداف حاصل کیے جائیں گے۔ آن لائن ٹریننگ کے دوران دیہی خواتین کو اسکالر شپ بھی دی جائے گی۔
اس پروگرام کی تکمیل کے بعد خواتین کو ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر اور فری وائی فائی ڈیوائس فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنا سکیں۔مریم نواز نے یہ بھی بتایا کہ پنجاب اسکلز ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے زیرِ اہتمام دیہی خواتین کو چھ ماہ کی آن لائن ٹریننگ فراہم کی جائے گی، جس میں انہیں آئی ٹی، ویب ڈیولپمنٹ اور کوڈنگ کی مکمل تعلیم دی جائے گی۔ یہ منصوبہ دیہی خواتین کے لیے نہ صرف معاشی ترقی کا دروازہ کھولے گا بلکہ انہیں عالمی سطح پر مسابقتی مہارتیں فراہم کرے گا۔