پرکشش کاروباری ماحول، ابھرتی معیشت غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے موزوں ہے، جام کمال
اسلام آباد ( آن لائن) پاکستان اور ویتنام کے درمیان دوطرفہ تجارتی تعلقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، جہاں پاکستان ویتنام بزنس
فورم کے دوران دونوں ممالک نے ترجیحی تجارتی معاہدے (PTA) پر مذاکرات کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے۔ فورم میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور ویتنام کے وزیر صنعت و تجارت نگوین ہونگ ڈین نے شرکت کی اور مشترکہ اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔جام کمال خان نے فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ویتنام کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل، لیدر، فارماسیوٹیکل، زراعت، فوڈ پروسیسنگ، آئی ٹی اور اسپورٹس مصنوعات جیسے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔انہوں نے ویتنامی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں نوجوان افرادی قوت، پرکشش کاروباری ماحول اور تیزی سے ابھرتی ہوئی معیشت غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے موزوں ہے