پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی مذاکرات کامیاب،آئندہ ہفتے معاہدے پر اتفاق

معاہدے کے بعد باہمی مفادات پر مبنی  جامع شراکت داری تشکیل دینے پر بھی اتفاق ‘وزیر خزانہ  اور امریکی وزیر تجارت کے مابین اہم آن لائن اجلاس

اسلام آباد (آئی این پی )پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی مذاکرات میں پیش رفت ، آئندہ ہفتے معاہدے کی تکمیل پر اتفاق طے پا گیا  ۔وزارتِ خزانہ   سے جاری اعلامیہ کے مطابق  وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور امریکی وزیر تجارت ہاورڈ لٹنِک کے مابین باہمی ٹیرفس  سے متعلق ورچوئل میٹنگ ہوئی، جس میں  دونوں  ممالک کے مابین تجارتی مذاکرات میں پیش رفت کے تحت اگلے ہفتے معاہدے کی تکمیل پر اتفاق طے پایا ہے۔پاکستان اور امریکا کے مابین اس اجلاس کے دوران فریقین نے جاری مذاکرات پر اطمینان کا اظہار کیا اور تجارتی مذاکرات کو آئندہ ہفتے تک خوش اسلوبی سے مکمل کرنے کا عزم ظاہر کیا۔علاوہ ازیں تجارتی معاہدے کے بعد باہمی مفادات پر مبنی ایک جامع شراکت داری تشکیل دی جانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔وزارت خزانہ کے مطابق یہ شراکت داری اسٹریٹیجک اور سرمایہ کاری کے شعبوں سمیت باہمی دلچسپی کے تمام پہلوں کا احاطہ کرے گی۔  اجلاس کے دوران دونوں ممالک کے لیے یکساں فوائد کے حصول کے لیے گفتگو کا محور تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی روابط کو مزید گہرا اور موثر بنانے پر تھا۔اس ضمن میں تکنیکی سطح کے مذاکرات آئندہ ہفتے مکمل کیے جانے کا امکان ہے، اس سلسلے میں دونوں ممالک نے جلد از جلد تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینے پر اعتماد کا اظہار کیا۔