چینی کی قیمت 229 روپے کلو تک جا پہنچی ،مرغی، ٹماٹر مہنگے ہوئے ، ادارہ شماریات ،سیلاب سے مہنگائی بڑھی، احسن اقبال

مہنگائی بے لگام ،چینی19 روپے کلو مہنگی
 کوئٹہ میں چینی کی قیمت 229 روپے، پشاور 200 ، کراچی، اسلام آباد میں 195 روپے کلو ،مہنگائی زیرو اعشاریہ 53 فیصد بڑھی ،وزارت فوڈ سکیورٹی کیجانب سے تمام صوبوں کو چینی کی قیمتیں مانیٹر کرنے کی ہدایت 
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)ایک ہفتے میں مہنگائی مزید بڑھ گئی ،ملک میں چینی کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر جا پہنچی، سرکاری دستاویز کیمطابق ایک ہفتے میں فی کلو قیمت میں 19 روپے تک اضافہ ہوا جس کے بعد کوئٹہ میں چینی کی فی کلو قیمت 210 روپے سے بڑھ کر 229 روپے تک ہو گئی، جولائی میں حکومت اور شوگر مالکان کے درمیان فیصلہ ہوا تھا کہ کرشنگ سیزن سے قبل چینی کی فی کلو قیمت بڑھا کر 171 روپے تک مقرر کی جائے گی۔چینی کی قیمتوں میں اضافہ 15 اگست سے 15 نومبر تک طے کیا گیا تھا اور معاہدے کیمطابق چینی کی قیمت 165 روپے سے بڑھ کر 171 روپے تک کنٹرول کرنا معاہدہ ہے جبکہ اضافی قیمت پر چینی فروخت کرنے والوں کیخلاف حکومت کی جانب سے کارروائی کا بھی عندیہ دیا گیا اور وزارت فوڈ سکیورٹی کیجانب سے تمام صوبوں کو چینی کی قیمتیں مانیٹر کرنے کی ہدایت کی گئی 15 اکتوبر کے بعد چینی کی قیمتیں نہیں بڑھنا معاہدہ تھا اور پھر کرشنگ سیزن شروع ہونے قیمتیں کنٹرول رکھی جائیں گی لیکن حکومت اس ڈیل پر عملدرآمد کرانے میں کامیاب نہیں ہو سکی اور چینی کی فی کلو قیمت میں اضافہ نہ روک سکی۔ ادارہ شماریات کیمطابق کوئٹہ کے شہری ملک میں سب سے مہنگی 229 روپے فی کلو چینی خریدنے پر مجبور ہیں، پشاور میں چینی کی زیادہ سے زیادہ فی کلو قیمت 200 روپے، کراچی اور اسلام آباد میں چینی کی زیادہ سے زیادہ فی کلو قیمت 195روپے، راولپنڈی میں چینی کی زیادہ سے زیادہ فی کلو قیمت 190روپے ہے، ایک ہفتے میں مہنگائی میں زیرو اعشاریہ 53 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور مہنگائی بڑھنے کی سالانہ شرح 4اعشاریہ 15 فیصد ریکارڈ کی گئی حالیہ ہفتے زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 66 روپے تک اضافہ ہوا، ٹماٹر کی فی کلو قیمت 13 روپے تک بڑھ گئی، ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 60 روپے، آلو کی فی کلو قیمت میں 90 پیسے، دال مسور فی کلو 97 پیسے اور انڈے فی درجن 16 پیسے مہنگے ہوئے، پیاز کی فی کلو قیمت میں 11 روپے، چنے فی کلو 7 روپے سستے ہوئے ، وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے سیلاب کے باعث سپلائی چین رکاوٹ کے باعث ستمبر میں مہنگائی5اعشاریہ 6فیصد اور اکتوبر میں6اعشاریہ 2فیصد تک پہنچ گئی جولائی سے اکتوبر اوسط مہنگائی4اعشاریہ 7فیصد رہی۔آبادی کنٹرول نہ ہوئی تو نئی نسل اکیسویں صدی میں ملک کو نہیں چلا سکے گی۔