مہنگائی کا وار نان ، خمیری روٹی 5روپے مہنگی
نانبائی ایسوسی ایشن نیفائن آٹا اور گیس کی بڑھتی قیمتوں کو جواز بناکر قیمت بڑھا دی ،مہنگائی میں مسلسل چوتھے ہفتے اضافہ، 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، ، آٹا، دال مونگ سمیت 6اشیاسستی : ادارہ شماریات کی رپورٹ
لاہور ( کرائم رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک )لاہور میں نانبائی ایسوسی ایشن نے فائن آٹا اور گیس کی بڑھتی قیمتوں کو جواز بناکر نان اور خمیری روٹی کی قیمت میں 5 روپے اضافہ کر دیا۔ اب نان اور خمیری روٹی 25 روپے کے بجائے 30 روپے میں فروخت کی جائے گی۔ نان بائی ایسوسی ایشن آفتاب گل کا کہنا ہے کہ فائن میدہ کی اوپن مارکیٹ قیمت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جبکہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ سے بھی نان روٹی کی قیمت برقرار رکھنا ممکن نہیں رہا۔ ان کے مطابق فائن میدہ کی 80 کلو بوری کی قیمت 6 ہزار روپے سے بڑھ کر 10 ہزار 200 روپے تک جا پہنچی ہے۔ سادہ روٹی کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا گیااور وہ بدستور 14 روپے کی ہی فروخت کی جا رہی ہے۔ اگر فائن آٹا پرانی قیمت پر فراہم کیا گیا تو نان اور خمیری روٹی کی قیمت بھی کم کردیں گے۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ گیس کی قیمتوں میں استحکام لایا جائے تاکہ نان اور روٹی کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے مزید دور نہ ہوں۔ دوسری طرف مہنگائی میں مسلسل چوتھے ہفتے بھی اضافہ دیکھا گیا ،چینی کی قیمت 210 روپے کلو تک پہنچ گئی۔ ادارہ شماریات کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں چوتھے ہفتے بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ایک ہفتے کے دوران پشاور کے شہری ملک میں سب سے مہنگی 210 روپے تک فی کلوچینی خریدنے پر مجبور ہیں۔رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں چینی کی اوسط فی کلو قیمت میں 3روپے77 پیسیکا اضافہ ہوا، اسلام آباد، راولپنڈی، ملتان، بنوں میں چینی کی زیادہ سے زیادہ فی کلو قیمت 200 روپے تک اورکراچی میں چینی کی فی کلو قیمت 195 روپے تک ہے۔ادارہ شماریات نے بتایاکہ ملک میں چینی کی اوسط فی کلو قیمت بڑھ کر 188 روپے 81 پیسے ہوگئی ہے اورگزشتہ ہفتے تک ملک میں چینی کی اوسط فی کلو قیمت 185روپے 4پیسے تھی جبکہ ایک سال قبل ملک میں چینی کی اوسط فی کلوقیمت134روپے 8 پیسے تھی۔ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی مجموعی شرح میں مزیدصفر اعشاریہ 22فیصد اضافہ ہوا۔ رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیادوں پر ہفتہ وار مہنگائی کی شرح ہانچ اعشاریہ زیرو تین فیصد تک جا پہنچی۔ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، 6 اشیاء کی قیمتوں میں کمی جبکہ 25 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران پیاز فی کلو 5 روپے 81 پیسے، انڈے فی درجن 7 روپے، چینی 3 روپے 77 پیسے اور لہسن فی کلو 3 روپے 84 پیسے مہنگا ہوا۔ اسی طرح ٹماٹر کی قیمت بھی بڑھی جبکہ مٹن، تازہ دودھ، دالِ مسور اور بچوں کا دودھ بھی مہنگی ہونے والی اشیا میں شامل ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ چکن فی کلو 8 روپے 24 پیسے اور ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 3 روپے 78 پیسے سستا ہوا۔ اس کے علاوہ دالِ مونگ، گندم کا آٹا اور گْڑ بھی سستی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔ ملک میں ٹماٹر کی زیادہ سے زیادہ قیمت 500 روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔