انوار الحق کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع، ، 17 ارکان کے دستخط، پیر اجلاس طلب ، ووٹنگ ہو گی
مظفرآباد، اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چودھری انوارالحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروا دی گئی ، تحریک عدم اعتماد پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی کی طرف سے جمع کرائی گئی جس پر 17 ار کان سے زائد کے دستخط موجود ہیں، تحریک جمع کرانے والوں میں جاوید ایوب، قاسم مجید، رفیق نیئر، ملک ظفر اور علی شان سونی شامل ہیں ،دوسری جانب پیپلزپارٹی نے فیصل ممتاز راٹھور کو وزیراعظم آزاد کشمیر کے لئے نامزد کر دیا، جس کے بعد سپیکر قانو ن سازاسمبلی چودھری لطیف اکبر نے نئے قائد ایوان کے انتخاب کیلئے پیر کو اسمبلی اجلاس طلب کر لیا ، جس میں ووٹنگ ہوگی ، آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی کل نشستیں 53 ہیں، پی ٹی آئی کے رکن محمد اقبال برطانیہ میں ہونے کے باعث ووٹنگ میں حصہ نہیں لے سکیں گے، اس طرح ایوان کی مئوثر تعداد 52 رہ جائے گی جس میں پیپلز پارٹی کی 17،مسلم لیگ ن کی 9،فارورڈ بلاک کی 10 ،پاکستان تحریک انصاف کی 5 جبکہ جموں کشمیر پیپلز پارٹی اور آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس کی ایک، ایک نشست ہے ، اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ہمیشہ کہتا تھا پیپلزپارٹی مشاورت کے ساتھ تمام فیصلے کرتی ہے، آزاد کشمیر پیپلزپارٹی ہمارے دل کے قریب ہے، پوری کوشش کریں گے کہ کشمیریوں کیلئے آسانیاں لیکر آئیں، نامزد وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کا شمار خطے کی مضبوط سیاسی روایات رکھنے والے گھرانوں میں ہوتا ہے ، یہ پڑھا لکھا نوجوان ہے، ان کے پاس تجربہ بھی ہے، کشمیر میں پیپلزپارٹی چٹان اور باہمی مشاورت کے ساتھ مسائل حل کرنے نکلے گی ۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے صدر چودھری یاسین نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو نے کشمیر کے معاملے کو ہمیشہ ترجیح دی، صدر زرداری نے بھی ہر فورم پر کشمیریوں کے حق خودارادیت کی کھل کر حمایت کی، پیپلزپارٹی اور کشمیر کا چولی دامن کا ساتھ ہے ، آزاد کشمیر میں پیپلزپارٹی کی پوزیشن بہت مضبوط ہے، موجودہ سیاسی صورتحال کو دیکھتے ہوئے فیصل ممتاز راٹھور کو وزیراعظم بنانے کا فیصلہ کیا، ہمارے پاس 27 گولڈن نمبر ہے، اگر مسلم لیگ ن کے ارکان شامل ہو جائیں تو تعداد 40 ہو جائے گی۔