آزاد کشمیر میں پاکستان پیپلزپارٹی حکومت بنائے گی ،پوری کوشش کریں گے کشمیریوں کیلئے آسانیاں لے کر آئیں، ہمارے پاس تعداد پوری ہے تو کسی کی حمایت کی ضرورت نہیں:راجہ پرویز اشرف
فیصل راٹھور پڑھا لکھا نوجوان ، ان کے پاس تجربہ بھی ہے، کشمیر میں پیپلزپارٹی چٹان اور باہمی مشاورت کیساتھ مسائل حل کرنے نکلے گی، بلاول بھٹو نے پہلگام واقعہ پر پوری دنیا میں سفارتی جنگ لڑی:میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان پیپلزپارٹی نے آزاد کشمیر میں حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرتے ہوئے فیصل راٹھور کو وزیراعظم کے عہدے کے لئے امیدوار نامزد کر دیا۔اس بات کا اعلان پیپلزپارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ہمیشہ کہتا تھا پیپلزپارٹی آپسی مشاورت کے ساتھ تمام فیصلے کرتی ہے، تحریک عدم اعتماد جمع کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، آزاد کشمیر میں پاکستان پیپلزپارٹی حکومت بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر پیپلزپارٹی کے دل کے قریب ہے، پوری کوشش کریں گے کشمیریوں کیلئے آسانیاں لیکر آئیں، ہم حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہیں، ہمارے پاس تعداد پوری ہے تو کسی کی حمایت کی ضرورت نہیں۔اس موقع پر پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے صدر چودھری یاسین کا کہنا تھا کہ شہید بینظیر بھٹو نے کشمیر کے معاملے کو ہمیشہ ترجیح دی، صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی ہر فورم پر کشمیریوں کے حق خودارادیت کی کھل کر بات کی، پیپلزپارٹی اور کشمیر کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پیپلزپارٹی کی پوزیشن بہت مضبوط ہے، پیپلزپارٹی نے آزاد کشمیر کے موجودہ سیاسی صورتحال کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا، آزادکشمیر میں حکومت پھولوں کی سیج نہیں بلکہ کانٹوں کی مالا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ فیصل راٹھور کو وزیراعظم بنانے کا فیصلہ کیا، حکومت بنانے کیلئے ہمارے پاس نمبرزموجود ہیں، ہمارے پاس 27 گولڈن نمبر ہے اگر مسلم لیگ ن کے ارکان شامل ہو جائیں تو تعداد 40 ہو جائے گی۔بعدازاں پی پی رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ فیصل راٹھور پڑھا لکھا نوجوان ہے، ان کے پاس تجربہ بھی ہے، کشمیر میں پیپلزپارٹی چٹان اور باہمی مشاورت کے ساتھ مسائل حل کرنے نکلے گی