پیپلزپارٹی کے فیصل ممتاز راٹھور آزاد کشمیر کے 16ویں جبکہ موجودہ اسمبلی کے چوتھے وزیراعظم کے طور پر منتخب ہوئے، حلف برداری کا آج امکان ‘فیصل ممتاز راٹھور نے بطوروزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی استعفیٰ دیدیا
مظفر آباد(آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک)آزاد کشمیر کے وزیر اعظم چودھری انوار الحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی جس کے بعد فیصل ممتاز نئے وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب ہوگئے۔سپیکر چودھری لطیف اکبر کی زیرصدارت آزاد کشمیر اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم چودھری انوارالحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی۔فیصل ممتاز راٹھور آزاد کشمیر کے سولہویں وزیراعظم ہوں گے، آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کا حلف آج متوقع ہے۔تحریک عدم اعتماد سردار جاوید ایوب، چودھری قاسم مجید نے دیگر کے ہمراہ پیش کی جس میں متبادل قائد ایوان کے طور پر فیصل ممتاز راٹھور کا نام پیش کیا گیا۔ووٹنگ کے دوران راجہ فیصل ممتاز راٹھور کو 36ووٹ ملے اور مخالفت میں 2ووٹ ڈالے گئے ‘ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لیے سادہ اکثریت یعنی 27 ووٹ درکار تھے۔چودھری انوار الحق اپریل 2023ء میں 48 ووٹ لے کر وزیراعظم منتخب ہوئے تھے انہوں نے مستعفی ہونے کی بجائے تحریک کا سامنا کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔اب فیصل ممتاز راٹھور موجودہ اسمبلی کے چوتھے وزیراعظم ہوں گے۔آزاد کشمیر کے وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی فیصل ممتاز راٹھور نے وزارت سے استعفیٰ دے دیا۔فیصل ممتاز راٹھور نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم چوہدری انورالحق کو بھجوا دیا۔راجہ فیصل ممتاز راٹھور کو پیپلز پارٹی نے متبادل وزیراعظم آزادکشمیر کے طور پر نامزد کیا ہے۔