سکھ یاتری ہمارے مہمان ، حفاظت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی: سی سی پی او
لاہور(کرائم رپورٹر)سکھ یاتری ہمارے مہمان ہیں ان کی حفاظت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔ لاہور پولیس پاکستان آنے والے سکھ یاتریوں کی فول پروف سکیورٹی کے لئے پوری طرح الرٹ ہے۔ان خیالات کا اظہار سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لئے مختلف ممالک سے آئے سکھ یاتریوں کی سکیورٹی کے حوالے سے گزشتہ روز یہاں جاری اپنے بیان میں کیا۔انہوں نے بتایا کہ سکھ یاتریوں کی سکیورٹی کے لئے جامع سکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے۔ بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت میں سکھ یاتریوں کے مذہبی و مقدس مقامات کی سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس انسداد جرائم کے ساتھ ساتھ تمام مذہبی اقلیتوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کر رہی ہے۔ سی سی پی او لاہور نے ڈویڑنل افسران کوسکھ یاتریوں کے سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لینے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈیوٹی پرتعینات افسران اور اہلکار الرٹ رہیں، مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھیں۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر تعینات افسران و جوان مؤثر چیکنگ یقینی بنائیں۔انہوں نے ڈولفن سکواڈ، پیرو، اور ایلیٹ فورس کی ٹیموں کو سکھوں کے مذہبی مقامات سمیت شہر میں موثر پٹرولنگ کرنے کی ہدایات جاری کیں۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ اقلیتی عبادت گاہوں کی چار دیواری، سکیورٹی کیمرے اور خاردار تاروں سمیت حفاظتی انتظامات موثر بنانے کے ساتھ ساتھ مذہبی عبادت گاہوں میں آنے والے شرکاء کے سکیورٹی ایس او پیز کویقینی بنایا جائے۔انہوں نے ایک بار اس عزم کا اعادہ کیا کہ لاہور پولیس تمام مذہبی اقلیتوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کر رہی ہے۔