لاہور(کرائم رپورٹر) صوبائی دارالحکومت میں سکیورٹی صورتحال کو مزید مؤثر اور فول پروف بنانے کے لیے تمام ناکہ جات پر ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ ایس پی موبائلز بلال احمد نے مختلف ناکہ جات خصوصاً ناکہ گجومتہ سمیت دیگر مقامات کا اچانک دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ترجمان ڈولفن کے مطابق ایس پی موبائلز نے ناکہ جات پر تعینات افسران اور جوانوں سے فرداً فرداً ملاقات کی اور انچارجز کو سکیورٹی کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مزید مستعدی اختیار کرنے پر زور دیا۔ دورے کے دوران بلال احمد نے ناکہ جات سے گزرنے والے شہریوں سے بھی گفتگو کی اور ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کے رویے اور کارکردگی کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے ای پولیس ایپ کے ذریعے چیکنگ کے عمل کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ مشکوک افراد کا ڈیٹا زیادہ سے زیادہ ایپ کے ذریعے چیک کیا جائے۔ ایس پی موبائلز نے اہلکاروں کو ہائی الرٹ رہنے، بلٹ پروف جیکٹ کے استعمال، مؤثر چیکنگ اور خوش اخلاقی کے ساتھ ڈیوٹی انجام دینے کی ہدایت بھی کی۔