پاکستان میں مقیم سکھ برادری کی فلاح و بہبود اور دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کو مزید سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے حکمت عملی ترتیب دیں گے:وزیراعظم

نومنتخب وزیراعظم کو مبارکباد  آزاد کشمیر  کی ترقی اور خوشحالی اولین ترجیح  شہباز شریف 
 عوام کی فلاح و بہبود، امن و سلامتی کے لئے آزاد کشمیر حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے  کیلئے  پرعزم ہیں‘ آزادکشمیر کی حکومت کیلئے  وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی: وزیراعظم کی  راجہ فیصل راٹھور سے فون پر گفتگو
پاکستان میں بہت سے مقدس مذہبی مقامات  ہیں جہاں پر دنیا بھر سے سکھ برادری کے افراد مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لئے آتے ہیں ‘ پاکستان ان کی مہمان نوازی کرتا ہے:  امریکہ میں مقیم سکھ تنظیم کے صدر  سے  ملاقات میں بات چیت
اسلام آباد(آئی این پی )وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام کی ترقی اور خوشحالی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔وزیر اعظم شہبازشریف نے   آزاد کشمیر کے نومنتخب وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔وزیراعظم شہبازشریف نے   فیصل ممتاز راٹھور کو آزاد جموں و کشمیرکا وزیراعظم منتخب ہونے پر دلی مبارکباد دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔شہباز شریف نے انہیں وفاق کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کی ترقی اور خوشحالی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے  آزادکشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود، معاشی ترقی و خوشحالی اور امن و سلامتی کے لئے آزاد کشمیر حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے  کیلئے  پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کی حکومت کیلئے  وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔دریں اثناء  وزیراعظم محمد شہباز شریف سے امریکہ میں مقیم سکھ برادری کی تنظیم کے صدر جسدیپ سنگھ کی ملاقات ہوئی۔ملاقات میں وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ اور پاکستانی نژاد امریکی کاروباری شخصیت ساجد تارڑ بھی موجود تھے، وزیراعظم نے پاکستان آمد پر جسدیپ سنگھ کو خوش آمدید کہا۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں سکھوں کے بہت سی مقدس مذہبی مقامات موجود ہیں جہاں پر دنیا بھر سے سکھ برادری کے افراد مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لئے آتے ہیں اور پاکستان ان کی مہمان نوازی کرتا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم پاکستان آنے والے سکھ برادری کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں، یہ ہمارے لئے فخر کا باعث ہے کہ پاکستان سکھ برادری کے مقدس مقامات اور گردواروں کی دیکھ بھال اور یہاں ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ ہم پاکستان میں مقیم سکھ برادری کی فلاح و بہبود اور دنیا بھر سے سکھ یاتریوں کو مزید سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے حکمت عملی ترتیب دیں گے۔سمندر پار پاکستانیوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی ملک کی ترقی و خوشحالی اور اس کا نام روشن کرنے کے حوالے سے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔جسدیپ سنگھ نے پاکستان میں ان کی میزبانی اور سکھ یاتریوں کی مہمان نوازی پر وزیر اعظم شہباز شریف اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔