لاہور میں گرجا گھروں کی سکیورٹی ہائی الرٹ، فول پروف انتظامات مکمل

لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر شہر بھر کے گرجا گھروں میں سکیورٹی کے سخت اور فول پروف انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ دعائیہ تقریبات کے موقع پر پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں 2345 پولیس افسران اور جوان سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ تمام ڈویڑنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز فیلڈ میں موجود رہ کر نگرانی کر رہے ہیں۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران خود بھی سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے فیلڈ میں متحرک رہے۔ انہوں نے مال روڈ، انارکلی، نیلا گنبد اور قلعہ گجر سنگھ کے گرجا گھروں کا دورہ کیا اور وہاں سکیورٹی، داخلی راستوں اور تعینات نفری کا تفصیلی معائنہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے چرچ انتظامیہ سے ملاقات کی اور سکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سپروائزری افسران مسلسل فیلڈ میں موجود ہیں اور چرچ انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں۔