بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ نے پنجاب کے ارکان اسمبلی کو آج پشاور بلالیا ، کارکن، لیڈر احتجاج کامیاب بنائیں : علیمہ خان

سیاست میں انٹری احتجاج کیلئے ٹیمیں تشکیل

 وزیراعلیٰ پختونخوا علی امین گنڈا پور بشریٰ بی بی کی سیاسی معاملات پر معاونت کر رہے ہیں، پنجاب کے ارکان اسمبلی کو مشاورت کیلئے بلایا گیا،سابق خاتون اول کی سیاسی سرگرمیوں سے متعلق خبریں من گھڑت ہیں: مشال یوسفزئی 
لاہور ( خصوصی رپورٹ) تحریک انصاف کے بانی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سیاست میں باضابطہ انٹری،24 نومبر کے احتجاج کیلئے ٹیمیں تشکیل دیدیں،پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی نے پی ٹی آئی کی سیاسی قیادت کو پشاور میں بلا کر میٹنگ کی اور انہیں 24 نومبر کے احتجاج کی حکمت عملی کے احکامات دیے۔ بشریٰ بی بی نے 24 نومبر کے احتجاج کی تیاریوں کے لیے ٹیمیں بھی تشکیل دی ہیں۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور بشریٰ بی بی کی سیاسی معاملات پر معاونت کر رہے ہیں،ذرائع نے بتایا ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی پارٹی قیادت کو حتمی منظوری کے لیے بشریٰ بی بی کا پابند کردیا گیا ہے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ بشریٰ بی بی یکم نومبر سے پارٹی فیصلوں میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ بشریٰ بی بی نے پی ٹی آئی کے اراکین پنجاب اسمبلی کو آج جمعہ کو پشاور طلب کرلیا۔ذرائع کے مطابق 24نومبر کے احتجاج کے حوالے سے مشاورت کے لئے اراکین اسمبلی کو طلب کیا گیا ہے۔ بشریٰ بی بی بانی پی ٹی آئی کا اہم پیغام بھی اراکین اسمبلی کو پہنچائیں گی۔دوسری جانب بشریٰ بی بی کی ترجمان مشال یوسفزئی نے کہا کہ بشریٰ بی بی نے کوئی سیاسی انٹری نہیں دی، سابق خاتون اول کی سیاسی سرگرمیوں سے متعلق خبریں من گھڑت ہیں۔مشال یوسفزئی کا کہنا تھا کہ باربارکہہ چکے ہیں بشریٰ بی بی غیرسیاسی خاتون ہیں، بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے کوششیں کرنا اہلیہ کا فرض ہیوزیراعلی ٰخیبر پختونخوا علی امین خان گنڈا پور نے جمعرات کو یہاں سابق صوبائی وزیر یوسف ایوب خان کی رہائش گاہ پر قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب سے ملاقات کی ، آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں پارٹی معاملات سمیت ہری پور میں جاری ترقیاتی سکیموں سے متعلق پیش رفت پر تبادلہ خیال ہوا۔ علی امین نے متعلقہ حکام کو جاری ترقیاتی سکیمیں بروقت مکمل کرنے کی ہدایت دی جبکہ دیگر منصوبوں کیلئے فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنانے کی بھی یقین دہانی کروائی۔بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کیلئے بانی پی ٹی آئی نے پیغام دیا کہ آپ لوگوں نے ملک چھوڑ کر نہیں جانا، سوشل میڈیا کے نوجوان بھی 24 نومبر کیلئے تیاری پکڑ لیں‘کراچی اور کوئٹہ کے لوگ اپنے صوبوں میں احتجاج کریں‘ارکان قومی وصوبائی اسمبلی آگے ہوں گے۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ نے کہا کہ بانی نے کہا کہ نوجوان نسل پاکستان کیلئے کھڑی ہو،اوورسیز پاکستانیوں کیلئے بھی پیغام دیا ہے، 24 نومبر کی تاریخ انتہائی اہمیت کی حامل ہے، احتجاج کی تیاریاں شروع کر دیں،ابھی سے گھروں میں بیٹھ کر منصوبہ بندی شروع کردیں۔ساری لیڈر شپ کو براہ راست پیغام دیا کہ 24 نومبر کو احتجاج کامیاب کرائیں، تمام پی ٹی آئی کارکنان 24 نومبر کو اسلام آباد پہنچیں۔