بد ترین سموگ،شہری نکونک

 لاہو رمیں اوسط ایئرکوالٹی انڈیکس 1591ریکارڈ کیا گیا ہسپتالوں میں سموگ سے متاثرہ مریضوں کی قطاریں 
دیگر شہروں میں بھی سموگ اور شدید دھند کا راج، حد نگاہ صفر ہونے پر کئی موٹر ویز بند، آج بارش کا امکان 
لاہور،اسلام آباد( کرائم رپورٹر،خصوصی رپورٹ )لاہور میں سموگ کی شدت نے بدترین صورتحال اختیار کرلی ،گزشتہ روز تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے ، اوسط ائیرکوالٹی انڈیکس 15 سو 91 کی انتہائی بلند ترین سطح تک جا پہنچا،صرف بارش کی صورت میں ملنے والی قدرت کی مدد ہی بدترین صورتحال سے نجات دلانے کی واحد اْمید رہ گئی۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز دوپہر کے اوقات شہر لاہور کا اوسط ائیرکوالٹی انڈیکس 15 سو 91 کی انتہائی بلند ترین سطح پر جا پہنچا جس شہریوں کو شدید ترین مشکلات کا شکار رہا۔گلبر گ میں سب سے زیادہ 2ہزار 816 ائیرکوالٹی انڈیکس ریکارڈ کیا گیا جبکہ فیروز پور روڈ پر 1645 اوربیدیاں روڈ پر 1491 رہا۔ لاہور کے بیشتر علاقوں میں اے کیو آئی ایک ہزار کی سطح سے زیادہ رہا جو ایک سنگین صورتحال ہے ،واضح رہے کہ عالمی معیار کے مطابق ایئرکوالٹی انڈیکس100درجے تک نارمل ہوتاہے ،اس سے زیادہ ہونے پر مضر صحت ہوجاتاہے۔ہسپتالوں میں سموگ کے باعث مختلف امراض میں مبتلا ہونے والوں کی قطاریں لگی رہیں جن میں بچوں کی بڑی تعداد بھی شامل تھی۔ ماہر ماحولیات نے کہا کہ لاہور کی تاریخ میں سموگ کے حوالے سے پہلے کبھی ایسی صورت پیدا نہیں ہوئی اور یہ سب ہماری کوتاہیوں کو نتیجہ ہے،اِس بدترین صورت حال میں بہتری کی صرف بارش ہی واحد اْمید رہ گئی۔ لاہورکے علاوہ دیگر شہروں میں بھی سموگ اور شدید دھند کا راج ہے ،محکمہ موسمیات نے بیشتر اضلاع میں آج ہلکی بارش کی پیش گوئی کررکھی ہے۔ گزشتہ روزملتان میں ایئر کوالٹی انڈیکس 425، فیصل آباد 405، اسلام آباد 186 اور راولپنڈی میں اے کیو آئی 199 ریکارڈ کیا گیا۔صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں ایئر کوالٹی انڈیکس 270رہا۔ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق دھند کے باعث حد نگاہ صفر ہونے پر کئی موٹر ویز کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ، موٹر وے ایم 2 شیخوپورہ سے کوٹ مومن، ایم 3 لاہور سے درخانہ، ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم اور ایم 5 شیر شاہ سے ظاہر پیر تک بند کر دی گئی ہے۔لاہور سیالکوٹ موٹر وے کو بھی حد نگاہ صفر ہونے پر ٹریفک کیلئے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں گزشتہ روز موسم خشک جبکہ پہا ڑی علا قوں میں سرد رہا۔ بالائی خیبر پختونخوا میں چند مقا مات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، سب سے زیادہ بارش کالام میں 13ملی میٹرریکارڈ کی گئی ، دیربالا،دروش ،میرکھانی اور چترال میں بھی بادل برس پڑے۔ آج اور کل اسلام آباد،راولپنڈی، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، جہلم، پشاور، ہنگو، بنوں، لکی مروت، وزیرستان، ڈیرہ اسماعیل خان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، لاہور، میانوالی، خوشاب اورسرگودھا میں بھی تیز ہواوٓں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ راغب حسین نعیمی نیعوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ موسم کی موجودہ صورتحال اور شدت کے باعث شدید مشکلات کا سامنا ہے، تمام مسلمان آج بعد نماز جمعہ خصوصی طور پر نماز استسقاء￿  ادا کریں اور دعا کریں کہ اللہ پاک سموگ اور موسم کی سختی کو بارش کے ذریعے دور فرما دیں۔