برائلر گوشت 800روپے کلو،شہری نکونک

 گوشت کا سرکاری نرخ جاری نہ ہوا، فارمرز مقررہ قیمت پر برائلر نہیں دے رہے ،ٹماٹر اور لیموں 5،5 روپے کلو مہنگے
لاہور (کرائم رپورٹر)رمضان المبارک گزر گیا مگر مہنگائی نہ رک سکی۔چکن برائلر گوشت کے نرخ بے لگام ہو گئے۔ انتظامیہ مافیا کے سامنے بے بس ہو گئی،چکن 800 روپے کلو تک فروخت کیا گیا،سرکاری نرخنامے میں برائلر گوشت کے پرچون نرخ جاری نہیں کئے گئے۔ مارکیٹ میں سبزیاں بھی سرکاری ریٹس پر فروخت نہیں کی گئیں۔ تفصیل کے مطابق شہر بھر میں برائلر گوشت خریدنے والوں کی جیب کاٹی جا تی رہی۔ سرکاری نرخنامے کے مطابق زندہ برائلر مرغی کی قیمت411روپے کلو جبکہ فارمی انڈوں کی قیمت234روپے درجن پر مستحکم رہی،تاہم گوشت کا ریٹ نہ نکلا۔اوپن مارکیٹ میں برائلر گوشت اکثر علاقوں میں ساڑھے سات سو اور بعض دکانوں پر 800 روپے کلو تک فروخت کیا گیا۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق پولٹری فارمرز مقررہ نرخ پر زندہ برائلر نہیں دے رہے۔شہریوں کا کہنا تھا سمجھ نہیں آتی مہنگائی میں کمی کے اثرات کیوں نظر نہیں آتے، انتظامیہ کو حرکت میں آنا چاہئے۔دوسری طرف سبزیوں کے نرخ میں قدرے استحکام رہا لیکن ریٹ لسٹ پر عمل نہیں کیا گیا۔پیاز کا سرکاری نرخ 50 روپے کلو مقرر کیا گیا لیکن مارکیٹ میں 70 روپے کلو فروخت ہوا۔ٹماٹرکی سرکاری قیمت میں5روپے کلو اضافہ کیا گیا ، ٹماٹر مقررہ نرخ 65 کے بجائے 80 سے 90 روپے کلو فروخت کیا گیا۔آلو کا سرکاری نرخ بدستور 50 روپے کلو رہا ،مارکیٹ میں 70 روپے فروخت کیا گیا۔ لیموں کاریٹ5روپے اضافے سے 115 روپے کلو مقرر کیا گیا لیکن مارکیٹ میں دو سو روپے کلو تک فروخت کیا گیا۔