پاکستان کے آل راؤنڈر فہیم اشرف کو انگلش کاؤنٹی کلب یارکشائر کاؤنٹی کرکٹ کلب نے رواں سیزن کے وائیٹیلٹی بلاسٹ ٹورنامنٹ کے لیے اپنے اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فہیم اشرف آسٹریلوی آل راؤنڈر ول سدرلینڈ کی جگہ ٹیم کا حصہ بنے ہیں، جو کندھے کی انجری کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔32 سالہ فہیم اشرف اس سے قبل بھی انگلش کاؤنٹی کرکٹ کا تجربہ رکھتے ہیں اور وہ نارتھمپٹن شائر اور سسیکس کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ اب وہ 22 مئی کو ناٹنگھم شائر کے خلاف یارکشائر کے پہلے میچ سے قبل ٹیم کو جوائن کریں گے۔وہ کاؤنٹی چیمپئن شپ کے دو اہم میچز میں بھی دستیاب ہوں گے، جن میں واروکشائر اور لیسٹر شائر کے خلاف مقابلے شامل ہیں۔
فہیم اشرف نے شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کئی پاکستانی کھلاڑی ماضی میں بھی اس کلب کی نمائندگی کر چکے ہیں اور یہاں کے ماحول اور ٹیم کے معیار کو ہمیشہ سراہا گیا ہے۔یاد رہے کہ فہیم اشرف پاکستان کے لیے 85 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں، جبکہ وہ پی ایس ایل میں 100 وکٹیں اور 1000 رنز مکمل کرنے والے نمایاں آل راؤنڈرز میں بھی شمار ہوتے ہیں۔